Urdu (Part I)

Short Notes
کیا کہا؟ اردو پڑھنا مشکل ہے؟ اردو میں نمبر لینا مشکل ہے؟ اردو کے لیکچر میں نیند آتی ہے؟ ارے نہیں جناب! یہ ہوائی کسی دشمن نے اُڑائی ہوگی اردو پڑھنا اور اس میں نمبر لینا نہ مشکل ہے اور نہ ہی ناممکن یقین نہ ہو تو ہم سے پوچھیے بھلا یہ معجزہ کہاں ہوتا ہے ارے بھئی ! یہاں ۔۔۔اسی جگہ نیر پیر کے اسی پلیٹ فارم پر میرا تعارف تعارف کروانا اور اپنا تعارف کروانا دنیا کا سب سے مشکل کام ہے یوں لگتا ہے جیسے ہم اپنے منھ میاں مٹھو بن رہے ہیں۔ خیر کام مشکل تو ہے لیکن کرنا پڑے گا کیونکہ اگر آپ میرے بارے میں نہیں جا نیں گے تو مجھ سے پڑھیں گے کیسے؟ رہ رہ کر غالب کا وہ شعر یاد آتا ہے: ؎ پوچھتے ہیں وہ کہ غالبؔ کون ہے؟ کوئی بتلاؤ کہ ہم بتلائیں کیا کوئی کیا بتلائے سو ہمیں ہی بتلانا ہو گا، تو جناب ِ اس ناچیز کو سحر جاوید کہتے ہیں، اردو میں ایم فل کر رکھا ہے،پندرہ سال سے کچھ اوپر ہوچلے ہیں کہ اردو کی تدریس کے فرائض انجام دے رہی ہوں ۔ لاہور شہر سے تعلق ہے اور یہیں کے کئی معروف تعلیمی اداروں میں طلبا کو اردو سکھاتے وقت کب اور کتنا گزرا ؛پتہ ہی نہیں چلا اور آج یہاں "نیر پیر "کے پلیٹ فارم پر آپ سب سے مخاطب ہوں جہاں میں امید کرتی ہوں کہ میری کلاس تیس، چالیس یا پچاس طلبا کی نہیں بلکہ سیکڑوں یا ہزاروں طلبا کی ہوگی۔ پڑھانے کے علاوہ میرے مشاغل دو ہی ہیں، پڑھنا اور لکھنا خیالات سے الفاظ ، الفاظ سے کردار میرے ذہن کی سطح پر امڈتے رہتے ہیں ،کہانی بننے میں مدد دیتے ہیں اور یہ کہانیاں اس وقت تک میرے آس پاس گردش کرتی رہتی ہیں جب تک انھیں قلم کی زد سے آزاد کرکے صفحہ قرطاس کی زینت نہ بنا دیا جائے ۔ اب سوال یہ ہے کہ اردو کیوں پڑھی جائے : جوابات بہت سے آتے ہیں او بھائی یہ ہماری قومی زبان ہے! ہماری شناخت ہے! ہمارے بزرگوں نے اس زبان کے لیے بہت سی قربانیاں دی ہیں! ہم یہ زبان بولتے ہیں سو اس زبان کا بھی ہم پر حق ہے! لیکن لیکن! مجھے سمجھ میں آرہی ہے کہ ہماری نئی نسل کے ذہن میں یہ جواب نہیں سمائے گا۔ سو سیدھے سبھاؤ کہے دیتی ہوں کہ اردو انٹر لیول پر پڑھنا اس لیے بے حد ضروری ہے کہ یہ تمھارے دو سو نمبر کے پرچوں پر مشتمل ہے ۔ 100 فسٹ ائیر اور پھر 100 سکنڈ ائیر۔ کان کھول کر سن لو نہیں پڑھو گے تو نمبر کوئی نہیں آنے، نہ میرٹ بننا ہے اور نہ مطلوبہ جگہ ایڈمیشن ملے گا رزلٹ آنے پر سر پر ہاتھ رکھ کر مت رونا کہ ہائے کچھ تھوڑی بہت اردو پڑھ لی ہوتی تو اچھا ہوتا۔ مجھے امید ہے سمجھدار بچے بعد کے پچھتاوے سے پہلے ہی اردو پڑھنا شروع کردیں گے۔ اردو کا سفر کیسا ہوگا؟ یا! مجھ سے اردو پڑھنے کا سفر کیسا ہوگا: یقینی طور پر دلچسپ، مفید اور آسان( بھئی پھر سے اپنے منھ میاں مٹھو بن رہی ہوں لیکن۔۔۔۔) بھئی آج میں کہہ رہی ہوں کہ جلدی سے سوچ لو کہ اردو میں کتنے نمبر حاصل کرنے ہیں؟ چالیس ساٹھ یا نوے سے زیادہ بس پھر توجہ سے میری بات سن لو ، اگر سرسری میرے لیکچرز سنو گے اور توجہ نہیں دو گے تب بھی چالیس تک نمبر تو لے ہی جاؤ گے، اگر لیکچر سننے کے ساتھ ساتھ کاپی پینسل پکڑ کر نکات نوٹ کرو گے تو ساٹھ سے اوپر کی گارنٹی ہے اور اگر چاہتے ہو کہ 90 سے زائد نمبر آئیں تو جو بات بتاؤں ذہن نشین کر لو۔ ساتھ ساتھ یاد کرو اور لکھ لکھ کر یاد کرویقین کریں بیٹا! آپ 90 سے اوپر نمبر ضرور لے جائیں گے۔ کیا؟ حیران ہو رہے ہو یقین نہیں آتا۔۔۔۔یقینی طور پر یقین آئے گا،چند دن توجہ سے لیکچرز سنیے۔آپ ہمارے ہر دعوے کی تائید کریں گے۔ آخری بات: اپنے خوابوں کی تکمیل کے لیے قربانی دینا پڑتی ہے ، اپنی دلچسپوں کی ، اپنے مشاغل کی ، اپنی تفریحات کی ۔ اس قربانی کے بنا خواب کو حقیقت میں ڈھالنا ممکن نہیں ہے۔آپ کی آنکھوں میں جو خواب سجے ہیں ان کی تکمیل کے لیے میں اور نیر پیر کی پوری ٹیم ان تھک محنت کررہی ہے۔ ایک ایک فرد کی کاوش قابلِ تعریف ہے جولیکچرز کو دلچسپ سے دلچسپ ترین اور مفید سے مفید تر ین بنانے کے لیے بھرپور محنت کر رہا ہے۔ عزیز طلبا! یہ ایک الگ کہا نی ہے جو آپ کو اس وقت سناؤں گی جب ان شاء اللہ آپ ہمارے تیار شدہ لیکچرز سے مستفید ہو کر شاندار نمبروں سے کامیاب ہوں گے ۔تب تک کے لیے اللہ حافظ۔

چاہے غزلیں ہوں نظمیں، اسباق ہوں یا گرائمر ، نیر پیر کے ساتھ اردو کی بہترین تیاری مکمل کیجیے اور مطلوبہ نمبر حاصل کریں